کراچی میں آج بھی دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد

Korangi

Korangi

کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد میں تشدد زدہ لاشیں ملنے کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے آج بھی دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ پولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں سے 100 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کورنگی کے علاقے زمان ٹاون میں نامعلوم افراد بوری بند لاش پھینک کر فرار ہوگئے۔ مقتول کو تشدد کے بعد پھندا لگا کر قتل کیا گیا۔ لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گارڈن کے علاقے دھوبی گھاٹ سے بھی ایک شخص کی تشدد لاش ملی جسے سول اسپتال پہنچا دیا گیا۔

دوسری جانب پولیس اور رینجرز نے 100 سے زائد ملزموں کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کے 90 ہتھیار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، یہ ملزمان سہراب گوٹھ ، رنچھوڑ لائن ، رامسوامی ، دھوبی گھاٹ ، گارڈن ، لیاقت آباد ، جٹ لائن ، اے بی سینا لائن ، نیو کراچی اور دیگر علاقوں سے حراست میں لئے گئے، جن میں اسٹریٹ کرائم سمیت مختلف جرائم میں ملوث اشتہاری، مفرور ملزمان اور بھتہ خور بھی شامل ہیں۔