کراچی میں طوفانی بارش، حادثات میں 12 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں طوفانی بارش سے حادثات میں 12افرادجاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے سے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔کراچی میں موسلا دھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی، سڑکیں زیر آب آگئیں، مختلف واقعات میں 6 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔کراچی میں ابرکرم کھل کر برسا تو گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور حسین موسم سے لطف اٹھانے گھروں سے نکل آئے۔کسی نے ساحل کی لہروں پر انجوائے کیا تو کوئی سبزہ زارمیں ہی کھویا رہا۔

مگر جب گھنگھور گھٹاوں نے جم کے برسنا شروع کیا تو شہریوں کی خوشی پھیکی پڑنے لگی اور مسئلے مسائل شروع ہوگئے۔ مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکیں تالاب بن گئیں۔ شارع فیصل، آئی آئی چند ریگر روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔ کلفٹن انڈر پاس میں بھی پانی بھر گیا۔ بارش کے باعث کرنٹ لگنے اور مختلف حادثات میں بچوں سمیت کئی افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی اور سڑکوں پر گاڑیاں بند ہونے سے شہریوں کو گھروں تک پہنچنے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

گلی محلوں اور سڑکوں پر جمع کئی کئی فٹ پانی شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا۔ جگہ جگہ پڑے کچرے کے ڈھیروں سے بدبو اٹھنا شروع ہوگئی اور کئی علاقوں میں پرانی عمارتوں کے کچھ حصے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے۔ کراچی میں رواں مون سون کی پہلی موسلا دھار بارش ہی نے کراچی کی انتظامیہ کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید سیلابی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔