کراچی: زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہوگئی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے محمود آباد میں زہریلی شراب پینے والے مزید 2افراد نے دم توڑ دیا۔ جس سے ہلاک افراد کی تعداد 18ہوگئی۔ عدالت نے کچی شراب سے ہونے والی ہلاکتوں کے الزام میں دو ملزمان کا پندرہ اگست تک پولیس ریمانڈ دیدیا۔

محمود آباد کی اعظم بستی میں چند گلیوں پر ان دنوں موت کا سایہ ہے۔ پیر کی صبح زہریلی شراب پینے والے مزید 5افراد نے دم توڑ دیا۔ جن کی لاشیں گھر پہنچیں تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔ اقلیتوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والے سماجی رہنما نورس کا کہنا ہے کہ بیروزگار نوجوان نشے کے عادی بن جاتے ہیں تاہم زہریلی شراب پی کر ہلاکتوں کی ایک وجہ پولیس کی سرپرستی میں زہریلی شراب کی کھلے عام فروخت بھی ہے۔

سماجی رہنما نورس کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں 6لاکھ سے زائد غریب غیر مسلم آباد ہیں۔ یہاں پولیس کی سرپرستی میں کھلے عام زہریلی شراب کا کا روبار جاری ہے جسکے نتیجے میں ایک وقت میں کئی افراد کی ہلاکتوں کے واقعات ماضی میں بھی رونما ہوچکے ہیں تاہم انتظامیہ ان واقعات کے تدارک میں مکمل ناکام نظر آتی ہے۔