کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں عالمی تجارتی نمائش ایکسپو پاکستان زور و شور سے جاری ہے۔ نمائش میں پاکستان کو ٹیکسٹائل، پھل اور سبزیوں کی برآمدات کے کروڑوں ڈالرز کے آرڈر مل گئے ہیں۔ چار روزہ عالمی نمائش ایکسپو پاکستان کے دوسرے دن بھی بیرون ملک سے آئے مندوبین کی پاکستانی تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقاتیں ہوئیں۔
غیر ملکی تاجر اور سرمایہ کار وں نے پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے بھی ایکسپو پاکستان کا دورہ کیا اور نمائش کو پاکستانی معیشت کیلئے مثبت قدم قرار دیا۔ پاکستانی برآمد کنندگان نے بتایا کہ نمائش میں انہیں بڑے پیمانے پر برآمدی آرڈر مل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ نمائش 29 ستمبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری رہے گی۔ عالمی تجارتی نمائش ایکسپو پاکستان میں پاکستان کو پھل سبزیوں، ٹیکسٹائل اور ہتھیاروں سے متعلق لاکھوں ڈالرز کے برآمدی آرڈرز مل گئے ہیں، جبکہ کل سے نمائش عام افراد کے لیے کھول دی جائیگی۔