کراچی : میئر کراچی وسیم اختر اور ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ خاتون رکنِ قومی اسمبلی کشور زہرہ کے ہمراہ 100 روزہ صفائی مہم کے انتظامات اور پروگریس دیکھنے کیلئے بلدیہ وسطی پہنچ گئے۔ انہوں نے چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کے ہمراہ ضلع وسطی کے مختلف علاقوں، بازاروں اور اسکولوں کا بھی دورہ کیا اور بلدیہ وسطی کے افسران و کارکنان کی کارکردگی کو سراہا۔ْ تفصیلات کے مطابق میئراور ڈپٹی میئرکراچی نے بلدیہ وسطی میں جاری صفائی مہم کا جائزہ لینے کے لئے ضلع وسطی کا خصوصی دورہ کیا۔وائس چیئرمین بلدیہ وسطی سید شاکر علی، میونسپل کمشنر محمد وسیم سومرواور شعبۂ خواتین کی انچارج سکندر خاتون بھی انکے ہمراہ تھیں۔
انہوں نے سب سے پہلے چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کے ہمراہ کراچی میں کریم آباد پر قائم ہونے والے سب سے پہلے خواتین تاجران اور دکاندارن کے لئے مخصوص کاروبار ی مرکز مشہور مینا بازار کا دورہ کیا۔خواتین تاجران نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے میئر وڈپٹی میئر کا استقبال کیا۔ مینابازار کی تاجر خواتین سے ملاقات میں میئر و ڈپٹی مئیر نے انکے مسائل دریافت کئے۔خواتین تاجران نے میئرو ڈپٹی میئر کی آمد کا شکریہ اداکرتے ہوئے نہ صرف انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا بلکہ 100روزہ صفائی مہم سے پیداہونے والے مثبت نتائج کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر مینا بازار اور کریم آباد کے ارد گرد بازار سے تعلق رکھنے والے تاجران کے نمائندوں نے میئر ، ڈپٹی میئر کراچی و چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
تاجران کے مطابق سب سے بڑا مسئلہ ناجائز تجاوزات اور دُور تک پھیلے ہوئے پتھاروں کی وجہ سے ٹریفک کا جام ہونا ہے جس کی وجہ سے خریداروں کو نہ صرف گاڑیاں پارک کرنے میں دشواری ہوتی ہے بلکہ پیدل چلنے والے خریداروں کو بھی سڑک پارکرنے میں بے حد دُشواری ہوتی ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے کریم آباد پر قائم شہری حکومت کے زیر انتظام چلنے والے سرآغا خان اسکول کا بھی دورہ کیا۔
ارشد وہرہ نے اسکول کی چاردیواری میں قائم پانچ اسکولوں کو مرج کرکے ایک اسکول بنانے کا ارادہ ظاہر کیا تاکہ نہ صرف اسکولوں کے انتظامی معاملات بہتر ہو سکیں بلکہ بہ یک وقت تقریبا ایک ہزار طلبا و طالبات کے داخلے کہ گنجائش بن سکے۔ انہوں نے کہ اسکول کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے دو ڈسپنسرز بھی لگائے جائیں گے جبکہ اسکول کی عمارت اور فرنیچر کی مرمت اور رنگ و روغن بھی کیا جائے گا۔ اس موقع پرضلعی افسرِ تعلیم ،مختلف بلدیاتی یونین کونسلوں کے چیئرمین ،وائس چئیرمن اور ہیری ٹیج فاؤنڈیشن کی سی ای او تابندہ لاری بھی موجود تھیں۔ بعد ازاں ڈپٹی میئرنے تین ہٹی سے ڈاکخانہ لیاقت آباد کے درمیان شاہراہِ پاکستان پر صفائی اورگرین بیلٹ پر سجائے گئے پھولوں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔واضح رہے کہ بلدیہ وسطی میں گرین بیلٹس کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے ضلع وسطی کے داخلی اور خارجی راستوں پرپھولوں کے گملے لگائے گئے ہیں ۔ جو شاہراہوں کی خوبصورتی میں اضافہ کر رہے ہیں۔