کراچی (جیوڈیسک) کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سی این جی سیکٹر کو بے لگام نہ چھوڑے۔ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری کا کہنا ہے کہ اگر سی این جی سیکٹر کو ڈی ریگیولیٹ کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ہڑتال کے علاوہ 13 جنوری کو سی این جی پمپس کا گھیراؤ بھی کریں گے۔
ارشاد بخاری نے مزید بتایا کہ اس معاملے کے حل کے لئے ٹرانسپورٹرز سندھ ہائیکورٹ سے بھی رجوع کریں گے۔ حکومت نے سی این جی کی قیمتیں طے کرنے کا ذمہ اپنے سر سے اتار دیا ہے جس کے بعد رواں ہفتے کراچی سمیت سندھ بھر کے سٹیشنز مالکان فی کلو گیس کے دام میں 3 روپے کلو کا من چاہا اضافہ کر کے اب اسے 71 روپے فی کلو کی قیمت پر بیچ رہے ہیں۔
شہر میں 80 فیصد سے زائد بسیں گیس پر چلتی ہیں۔ مہنگی سی این جی کے باعث عوام کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹرز بھی سخت پریشان ہیں۔