کراچی : ٹرانسپورٹروں نے عید پر کرائے بڑھا دئیے

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) ٹرانسپورٹروں نے عید پر کراچی سے اندرون ملک جانے والی بسوں کے کرائے بڑھا دئیے ہیں جس سے آبائی علاقوں کو جانے والے ہزاروں افراد مشکلات کا شکار ہیں۔ شہر قائد میں ملک کے دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد حصول روزگار، تعلیم اور دیگر مصروفیات کے باعث عارضی طور پر مقیم ہیں جو عید کے موقع پر اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔

ٹرانسپورٹ مافیا عید اور ہر تہوار پر ان مسافروں کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے من مانا کرایا وصول کرتی ہے۔ اس سال بھی اندورن ملک جانے والی بسوں کے کرائے میں ایک ہزار سے پندرہ سو روپے تک غیر قانونی اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے مسافر مشکلات کا شکار ہیں۔ انٹر سٹی بس سروس چلانے والوں کا کہنا ہے۔

کہ عید کے موقع پر اضافی کرائے وصول کرنا ان کا حق بنتا ہے کیونکہ مسافروں کو منزل تک پہنچنے کا کوئی ذریعہ نہیں ملتا تو بس سروس کے ذریعے ہی اپنے آبائی علاقے پہنچ پاتے ہیں۔ کراچی سے اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور کیلئے 2500 سے 3 ہزار روپے تک کرایہ وصول کیا جا رہا ہے اور سامان کا کرایہ بھی دگنا کر دیا گیا ہے۔ زائد کرائے سے پریشان غریب طبقہ کم کرائے میں چھتوں پر بیٹھ کر طویل سفر کرنے پر مجبور ہے۔