کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے یو فٹبال فائونڈیشن کے زیر اہتمام کراچی یونائیٹڈ فٹبال لیگ میں شیریں جناح یوتھ اکیڈمی اور ملیر یوتھ اکیڈمی نے اپنی اپنی حریف ٹیموں کو شکست دے کر تین تین قیمتی پوائنٹس حاصل کر لئے۔ ملیر یوتھ اکیڈمی کے وقاص نے ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنالی، پہلا میچ کے یو اسٹیڈیم کلفٹن میں شیریں جناح اور اورنگی یوتھ کے مابین کھیلا گیا جسے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد شیریں جناح نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے دونوں گول دانش نے22ویں اور55 ویں منٹ میں اسکور کئے جبکہ حریف ٹیم کا گول فاروق نے20 ویں منٹ میں اسکور کیا۔
میمن گوٹھ ملیر فٹبال اسٹیڈیم میں ہونے والا میچ ملیر یوتھ اکیڈمی نے لیاری یوتھ کو ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد1-5 سے شکست دے کر اپنے نام کیا۔ فاتح ٹیم کے وقاص نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکورکی انہوں نے10ویں،26ویں اور45 ویں منٹ میں لگاتار تین گول اسکور کرکے یہ کارنامہ انجام دیا ایک ایک گول شہزاد اور عارف نے بالترتیب55ویں اور61 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ حریف ٹیم کا واحد گول علی رضا نے70 ویں منٹ میں بنایا معروف فٹبال آرگنائزر اور کراچی یونائیٹڈ ایف سی کے سیکریٹری ریاض احمد مہمان خصوصی تھے انہوں نے دونوں تیموں کے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپس میں اتحاد اور یکجہتی کی مثال قائم کریں اور کھیلوں کے ساتھ ساتھ امن اور بھائی چارہ کو بھی فروغ دیں تاکہ کراچی سے زبان اور نسل کی بنیاد پر نفرتوں کا خاتمہ ہو اور ہم سب ایک ہوکر پاکستان کی ترقی اور بقاء کے لئے اپنا اپنا کردار مثبت طریقے سے ادا کریں۔ ان میچز کو انس اور داد رحمن نے نوید،ایاز،محمد علی اور سلیم حسین کی معاونت سے سپروائز کیا جبکہ میچ کمشنر کے فرائض شوکت شہکی اور یاسر نے انجام دیئے۔