کراچی (جیوڈیسک) جامعہ کراچی کے پرانے سلور جوبلی گیٹ کی مشرقی طرز کے مرکزی دروازے کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے نیا مرکزی دروازہ جلد آمدورفت کے لیے کھولا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق مشرقی طرز تعمیر کے شاہکار مرکزی دروازے کو جمعرات کے دن جامعہ کراچی کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر عارضی طور پر کھولا جا رہا ہے، جامعہ کراچی کے قدیمی سلور جوبلی گیٹ پر نئے دروازے کی تعمیر نجی بینک نے کی ہے، جامعہ نے نجی بینک کو برانچ کی تعمیر کے لیے شعبہ فارمیسی کے سامنے قطعہ اراضی فراہم کی ہے، نئے سلور جوبلی گیٹ کی اونچائی 32 فٹ اور چوڑائی 104 فٹ ہے۔
جس میں بڑے اور چھوٹے 4 دروازے نصب ہیں ان میں 2 مرکزی دروازے گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے جبکہ 2 چھوٹے دروازے پیدل آنے اور جانے والوں کے لیے ہیں، نئے دروازے میں اندرونی جانب سیکیورٹی کا کمرہ بھی بنایا گیا ہے۔
جو 2 بڑے آہنی دروازوں کے درمیان ہے ان دروازوں کے دونوں جانب بڑے ستونوں پر مشتمل مینار تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ بڑے مرکزی دروازوں کے اوپر کھلی محرابیں بنائی گئی ہیں جس کے باعث جامعہ کراچی کا نیا مرکزی دروازہ مشرقی طرز تعمیرکی عکاسی کرتا ہے۔