کراچی (محمد ارشد قریشی) کراچی یونیورسٹی میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز شاندار انداز میں شروع ہوگیا جس میں طلبہ اور اساتذہ کو جوش و خروش قابل دید ہے، کراچی یونیورسٹی کو پاکستان کے سبز ہلالی پرچموں سے سجا دیا گیا۔ یونیورسٹی کی اندرونی اور دیواروں پر جشن آزادی کے حوالے سے خوبصورت تصاویر بنائی گئی ہیں اور تمام شعبوں کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، 12 اگست کی صبح سے ان تقریبات کا آغاز ہوا جس میں طلبہ نے پاکستان کے بہت طویل پرچم کو اپنے ہاتھوں میں تھامے ایک ریلی کا انعقاد کیا جشن آزادی کی تقریبات میں تمام طلبہ تنظیمیں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں، طلباء اور طالبات نے سبز ہلالی پرچموں کے رنگوں والے لباس زیب تن کئے ہوئے تھے سینکڑوں طالبعلموں نے بہت خوبصورت انداز میں لفظ پاکستان کے حروفوں کو اپنے جسموں کی ترتیب سے لکھا جو نہایت دلکش نظر آ رہا تھا۔کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی جانب سے اعلان کے مطابق 14 اگست کو باقاعدہ پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہو گی جبکہ یونیورسٹی کے آڈوٹوریم میں جشن آزادی کے حوالے سے کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔