کراچی بدامنی کی وجہ سیاسی چپقلش ہے ،روشن پاکستان پارٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کاتجارتی و صنعتی حب ہونے اور کراچی میں بندرگاہ کی موجودگی کے باعث یہ شہر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس شہر کی تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کی بندش پاکستانی معیشت کو سبوتاژ کرکے اسے معاشی بدحالی وخانہ جنگی کی جانب دھکیلنے کے مترادف ہے مگر عرصہ دراز سے اس شہر کے عوام نہ صرف بھتہ مافیا ‘ سٹہ مافیا ‘ منشیات مافیا ‘ ٹرانسپورٹ مافیا ‘ ٹینکر مافیا‘ ملاوٹ مافیا اور دیگر مافیا زکے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر اور سیاسی گروہوں کی چپقلش نے بھی اس شہر کا امن برباد کردیا ہے۔

جبکہ احتجاج کے نام پر کی جانے والی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے دھرنوں ‘ ہڑتالوں اور ٹریفک ‘ ٹرانسپورٹ و کاروبار کی بندش نے بھی اس شہر کے عوام کو غربت و بیروزگاری کے عذاب سے دوچار کیا ہوا ہے اسلئے آرمی چیف راحیل شریف جہاں کراچی میں امن کی بحالی کیلئے ہر حد تک جانے کے عزم کا اعادہ کررہے ہیں وہیں انہیں عوام کو احتجاجوں ‘ ہڑتالوں ‘ دھرنوں اور ہمہ اقسام مافیاز سے نجات دلانے کی بھی ضرورت ہے ۔تنظیم محب وطن روشن پاکستان کے چیئرمین امیر پٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف راحیل شریف کو کراچی میں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی آمد کو نیک شگون قرار دیا۔

اور امید ظاہر کی کہ کراچی پہنچنے والے وزیراعظم و آرمی چیف کراچی کے شہریوں کو جرائم پیشہ عناصر ‘ سیاسی چپقلش کے باعث ہونے والے عوام کے جانی ومالی نقصانات ‘ بد امنی ‘ دہشتگردی ‘مافیازاور احتجاج کے نام پر پہنچنے والے تجارتی ‘صنعتی اور معاشی نقصانات و بربادی کے ساتھ لوڈ شیڈنگ ‘ گیس اور پانی کی بندش سے بچانے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں گے کراچی کے مفادات کا تحفظ قومی مفادات کا تحفظ اور وطن عزیز کو معاشی بربادی و خانہ جنگی سے بچانے کیلئے ناگزیر ہے۔