کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں آپریشن پر غور کیلئے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہو گا، وزیر داخلہ نے کراچی میں بد امنی کے خاتمے سے متعلق رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی۔ اس میں جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کی معلومات بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی اور بد امنی کے خاتمے سے متعلق تجاویز پر مشتمل رپورٹ پیش کی۔ تین ستمبر کو شہر قائد میں ہونیوالے کابینہ کے خصوصی اجلاس میں رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ بدامنی میں ملوث افراد سے متعلق حساس اداروں کی معلومات بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔
جبکہ جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرنے والوں کی تفصیلات بھی بیان کی گئی ہیں۔ دوسری جانب ایک بیان میں چودھری نثار علی خان نے واضح کیا کہ فی الحال طالبان سے باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے۔ بات چیت سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر شروع کی جائے گی۔ وزیراعظم کراچی سے واپسی پر پارلیمنٹ میں موجود اہم جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات سے متعلق عوام سے کچھ بھی نہیں چھپایا جائے گا۔