کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت سندھ کے اعلان کے بعد کراچی میں مزید 11 ویکسی نیشن سینٹرز نے کام شروع کردیا جو ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے کام کریں گے۔
ایکسپو سینٹر پر ویکسی نیشن کے لیے عوام کے شدید رش کے بعد حکومت سندھ نے 24گھنٹے کام کرنے والے مزید 11 ویکسی سینٹرز قائم کر دیے ہیں۔
ویکسی نیشن سینٹرز میں رات کے اوقات میں بھی عوام کا رش دیکھنے میں آیاجہاں عوام اپنی باری کے انتظار میں قطار میں لگے نظر آئے۔
محکمہ صحت سندھ نے عوام کی سہولت کے لیے جن اسپتالوں میں 24گھنٹے ویکسی نیشن سہولت فراہم کی ہے ان میں ضلع وسطی میں سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال، سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد، سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی، ضلع شرقی میں ایکسپو سینٹر، اوجھا اسپتال، ضلع جنوبی میں خالق دینا ہال، جناح اسپتال اور لیاری جنرل اسپتال، ضلع غربی میں سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال، ضلع ملیر میں مراد میمن گوٹھ اسپتال، ضلع کورنگی میں سندھ گورنمنٹ گورنگی نمبر 5 اور سندھ گورنمنٹ اسپتال سعود آباد 2 شامل ہیں۔
ایکسپو سینٹر میں پہلے ہی 24 گھنٹے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے جب کہ سی ویو کے قریب کلفٹن میں سہ پہر4 سے رات 12بجے تک ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔