کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں قتل وغارت کا سلسلہ جاری ہے دہشت گردوں نے آج بھی خاتون سمیت آٹھ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ فائرنگ کے واقعات میں دس افراد زخمی بھی ہوئے۔ کھارادر کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے خاتون سمیت تین افراد دم توڑ گئے۔
جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت فضل مولا، فیصل اور فاطمہ کے نام سے کی گئی ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گی اور دکانیں اور کاروباری مراکز بھی بند ہو گئے۔ مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔ مچھر کالونی میں بھی فائرنگ کے واقعہ میں دو افراد چل بسے۔
سرجانی بابا موڑ کے قریب فائرنگ سے بھی ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ لیاری آدم خان روڈ سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ کورنگی ویٹا سے بھی ایک لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق لاش ایک ماہ پرانی ہے۔ کورنگی روڈ کالا پل کے نزدیک فائرنگ کے واقعہ میں زخمی ہونیوالا شخص دم توڑ گیا۔ علاقہ مکینوں نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ احتجاج کے باعث شاہراہ فیصل اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔