کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ گلبرگ میں سڑک پر پڑے بجلی کے تاروں نے دو افراد کی زندگی کے چراغ گل کر دیئے۔ کراچی کے علاقے لیاقت آباد دس نمبر میں رات گئے کامران سعید نامی شخص کی لاش ملی۔
جسے نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔دوسری جانب گلبرگ کے علاقے میں کیفے پیالہ کے قریب سڑک پر پڑے بجلی کے تاروں نے دو نوجوانوں کی جان لے لی ۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت اکرم اور صدیق کے نام سے ہوئی۔ دونوں آپس میں کزن تھے۔
لواحقین نے کیفے پیالہ کے سامنے ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور سڑک بلاک کر دی ،ورثا کا کہنا ہے کہ دونوں نوجوان حادثے کی جگہ پر ٹھیلا لگاتے تھے۔ بجلی کے تار رات ٹوٹ کر گرے تھے لیکن کے ای ایس سی انتظامیہ نے انہیں بر وقت نہیں ہٹایا۔