کراچی : مختلف علاقوں میں فائرنگ، 14 افراد زخمی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ اور دہشت گردی کے واقعات میں 14 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 2 رینجرز، 2 پولیس اہلکار شامل ہیں۔ کراچی میں قتل وغارت اور دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے۔ رینجرز کی موبائل منگھو پیر کے علاقے میں گشت پر تھی کہ سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا جس سے سب انسپکٹر خلیل اور لانس نائیک شکور زخمی ہو گئے۔ افطار کے وقت سائیٹ کے علاقے میں کار سواروں نے کریکر سے حملہ کیا اور فائرنگ بھی کی۔ واقعہ میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پردو مسلح گروہوں میں تصادم ہوا۔

صورتحال پر قابو پانے کے لئے پولیس موقع پر پہنچی تو مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔ حملے میں گولی لگنے سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ دوسری جانب گلستان جوہر میں موٹرسائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کر دی جس سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ جبکہ نیو کراچی کے علاقے میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔ نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی میں پولیس مقابلے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک ڈاکو زخمی ہو گیا۔ پولیس نے زخمی ڈاکو سمیت دو ڈاکوں کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور ایک رکشہ بھی برآمد ہوا ہے۔