کراچی (جیوڈیسک) پرتشدد اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ لیاری میں ہلاکتوں کے واقعات کے بعد متعلقہ علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی۔ کراچی کے علاقے لیاری الفلاح روڈ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ لیاری جہاں آباد میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ ان واقعات کے بعد مندرہ محلہ، آگرہ تاج اور الفلاح روڈ کے اطراف کشیدگی پھیل گئی۔
دکانیں اور کاروبار بند ہو گیا۔ پاک کالونی میں میوہ شاہ قبرستان کے قریب سے ایک شخص کی ہاتھ پاں بندھی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو اغوا کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔ گارڈن کے علاقے میں رحمانیہ مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ کھارادر میں ابل چوک کے قریب بھی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ تینوں لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
شرافی گوٹھ کے علاقے ٹنڈو جام گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ دوسری جانب بہادر آباد کے علاقیمیں ایک گھر سے نوجوان کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق نوجوان نے خود کو گولی مار کر موت کو گلے لگایا ۔ بلوچ کالونی تھانے کے حدود میں واقع پیٹرول پمپ پر رات گئے مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پیٹرول پمپ پر بھگدڑ مچ گئ۔