کراچی(جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے۔اورنگی ٹاون میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرے کو گرفتار کرلیا۔
جبکہ تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ماری پور روڈ کراون سینما کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی۔ جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ مقتول کی شناخت کاشف سومرو کے نام سے ہوئی۔ ایم ایل او سول اسپتال آفتاب چنڑ کے مطابق بلدیہ ٹاون میں تھانہ سعید آباد کی حدود سے ایک خاتون کی تشدد زدہ لاش کو بھی ضابطے کی کارروائی کیلئے سول اسپتال لایا گیا ہے۔
تاحال مقتولہ کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ ابراہیم حیدری جمعہ گوٹھ اوربوٹ بیسن تھانے کی حدود میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات کے دوران دو افراد زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب ایس پی اورنگی ٹاون چوہدری اسد کے مطابق رات گئے مسلح ملزمان پیر آباد تھانے کی حدود میں واقع فرنٹیئر کالونی میں ڈکیتی میں مصروف تھے۔
پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ اس دوران ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ناصرنامی ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ سجاد نامی ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا اور ملزمان کا تیسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔