کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع ملیر کے علاقے لانڈھی انڈسٹریل ایریا، گلشن بونیر، ریڑھی گوٹھ، بختاور گوٹھ سمیت ملحقہ آبادیوں میں چکن گونیا کی وباء پھیل گئی، سینکڑوں کی تعداد میں مریض رپورٹ، چکن گونیا وباء کی بڑھتے کیسز کے پیش نظر ڈاکٹر رشید زمان اور حنیف اللہ کی قیادت میں کراچی والنٹیئر ویلفیئر ایسوسی ایشن نے چکن گونیا سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے متاثرہ علاقوں میں متعدد فری میڈیکل کیمپ قائم کر دیئے۔
مرض سے بچائو اور احتیاطی تدابیر سے عوامی شعور کی آگاہی کے لئے علاقوں میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل بینرز آریزاں کردیئے گئے ڈاکٹر رشید زمان اور حنیف اللہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور مرض سے متعلق علامات کی صورت میں فوری معالج سے رجوع کریں ۔کراچی والنٹیئر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سربراہ ڈاکٹر رشید زمان اور فنانس سیکریٹری حنیف اللہ نے سندھ حکومت ،کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور بلدیہ ملیر سے درخواست کی ہے کہ چکن گونیا سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا نے کے لئے ضلع ملیر کے مذکورہ گوٹھوں سمیت تمام علاقوںمیں فوری امدادی کاروائیوں کا آغاز کریں علاقائی سطح پر گندگی کے خاتمے اور صاف ستھرے ماحول کو یقینی بنانے کے ساتھ ضلع ملیر کے اسپتالوں میں خصوصی سیل قائم کیا جائے رہنمائوں نے میئر کراچی وسیم اختر سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ضلع ملیر کے گوٹھ میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے کی انجام دہی کو یقینی بنا ئیں تاکہ عوامی زندگیوں کو چکن گونیا کے مرض سے بچایا جا سکے۔