کراچی میں رضاکارانہ طور پر اسلحہ جمع کرانے کی مہلت ختم

Arms

Arms

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں رضاکارانہ طور پر اسلحہ جمع کرانے کی مہلت ختم ہوگئی، ناجائز اسلحہ کے خلاف آج سے آپریشن شروع ہو جائے گا۔ ڈھائی کروڑ کی آباد ی میں صرف 18 ہتھیار جمع ہو سکے۔

سندھ حکومت کی جانب سے غیر قانونی اسلحہ جمع کرانے کی مہم 27 نومبر سے شروع کی گئی تھی۔ مہم کی تشہیر اور لوگوں کو ترغیب دینے کے لئے اخبارات میں دیئے گئے اشتہارات کی مد میں 3 کروڑ روپے بھی خرچ کئے گئے لیکن مہم کامیاب نہ ہو سکی۔

پندرہ دنوں پر مشتمل مہم کے دوران شہریوں کی جانب سے رضا کارانہ طور پر صرف 18 ہتھیار ہی جمع کرائے گئے ہیں۔ غیر قانونی ہتھیار گلبرگ، ڈیفنس، آرٹلری میدان، گذری، بغدادی، مومن آباد، عزیز آباد، جیکسن، اسٹیل ٹان، شاہراہ نور جہاں، درخشان اور بن قاسم تھانے میں جمع کرائے گئے۔

مہم کے دوران جمع کرائے گئے اسلحے میں 4 رائفلز، 5 شارٹ گن اور سات پستول شامل ہیں جبکہ 202 سے زائد گولیاں اور 8 میگزین بھی مختلف تھانوں میں جمع کرائے گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مہم ختم ہوجانے کے بعد کریک ڈان شروع کیا جائے گا اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔