کراچی (جیوڈیسک) وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں 400 ملین گیلن پانی طلب سے کم آرہا ہے جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں ٹینکرز کے ذریعے مفت پانی فراہم کیا جائے گا۔
شہرقائد میں پانی بحران سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کی طلب ایک ہزار ملین گلین ہے جب کہ شہر میں 600 ملین گلین پانی فراہم کیا جارہا ہے تاہم متاثرہ علاقوں میں اس وقت 800 مفت واٹر ٹینکرز فراہم کئے جارہے ہیں جو منگل سے 1000 کردیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں 100 ملین گیلن کے منصوبوں پرکام ہورہا ہے جس کے لئے کنسلٹنٹس نے9 ماہ کا وقت مانگا تھا اور وہ اس پر کام کررہے ہیں جب کہ رواں سال بارشیں بھی کم ہوئی جس کے بعد حب ڈیم میں پانی بھی ختم ہوچکا ہے۔
وزیراطلاعات سندھ کاکہنا تھا کہ کراچی میں واٹر مینجمنٹ کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ شہر میں 22 پمپس کام کر رہے ہیں جس سے پانی کے ترسیلی نظام میں بہتری آرہی ہے، کے الیکٹرک کی جانب سے 3 بار آدھا آدھا گھنٹے لوڈشیڈنگ کی گئی سے سے پانی کی فراہمی کا عمل متاثر ہوا تاہم ناغہ سسٹم کے تحت پانی کی ترسیل میں بہتری آئی ہے۔