کراچی میں پانی کا بحران، شہری پانی کی تلاش میں پریشان

Water

Water

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے لوگ اپنے سب مسائل بھول کر صرف پانی اور پانی کا رونا رو رہے ہیں اور انتظامیہ ہر بار کی طرح دلاسہ دے رہی ہے کہ کوششیں جاری ہیں، پانی کے بحران کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی آبادی میں توروز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے لیکن پانی کی نکاسی اور فراہمی کا نظام وہی سالوں پرانا ہے۔

شہر کو روزدرکار 1000 ملین گیلن پانی میں 350 ملین گیلن کی پہلے ہی کمی تھی جبکہ بارشیں نہ ہونے سے حب ڈیم میں پانی کی کمی نے مزید 100 ایم جی ڈی کی قلت پیدا کردی ہے ۔ساتھ لائن لیکجز نے یہ شارٹ فال مزید بڑھادیا ہے۔ اب 2 کروڑ سے زیادہ آبادی والے شہر کو روزانہ 450 ملین گیلن کے لگ بھگ پانی فراہم کیا جاتا ہے ،جس کی وجہ سے عوام بے حد پریشان ہیں۔

پریشانیوں میں گھرے عوام نے انتظامیہ سے مایوس ہوکر پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے متبادل راستے ڈھونڈنا شروع کردیے ہیں، اب شاید ہی کوئی گلی محلہ ہو جہاں بورنگ نہ ہورہی ہو لیکن پینے کے لئے تو نمکین یاکھارا پانی استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

کراچی میں پانی کے بحران کے بارے میں جاننے کے لئے واٹر بورڈ کے ایم ڈی قطب الدین شیخ اور ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز نجم عالم سے جب دریافت کیا تو وہی رٹا رٹا یا جواب سننے کو ملا کہ کوششیں جاری ہیں اور بحران پرجلد قابو پالیا جائے گا لیکن عوام کا سوال ہے کہ اگرشہر میں پانی کا بحران ہے توٹینکرز کہاں سے پانی لارہے ہیں؟