کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پانی کے لالے پڑ گئے، شہر قائد کی فیشن ایبل بستیوں اور مختلف علاقوں میں پانی کی قلت نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی، کراچی واٹر بورڈ نے متاثرہ علاقوں میں مفت واٹر ٹینکر سروس شروع کر دی ہے۔
ایک طرف بڑھتی ہوئی گرمی ، دوسری جانب پانی کا بحران ، شہر قائد میں ہر گزرتا دن پانی کے بحران میں اضافہ کر رہا ہے۔ مختلف علاقوں سمیت شہر کی فیشن ایبل بستیوں میں بھی پانی کی دہائی مچی ہوئی ہے تاہم پانی کی فراہمی کا مسئلہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔
شاہ فیصل کالونی، ملیر، لانڈھی، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، قصبہ کالونی، سائٹ ،نیو کراچی ڈیفنس اور شیریں جناح کالونی میں بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ لوگ پانی کے لئے ترس رہے ہیں ، واٹر ٹینکر والوں کے نخرے اور من مانیوں کے باوجود صارفین مہنگے داموں پر پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔
کل اتوار کا دن شہری پانی کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے۔ پانی کی بوند بوند کو ترسے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پانی کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کرے ادھر شہریوں کی مشکلات کا اندازہ کرتے ہوئے کراچی واٹر بورڈ نے متاثرہ علاقوں میں مفت واٹر ٹینکر سروس شروع کر دی ہے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ قلت کے شکار علاقوں میں واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی تقسیم کیا جا رہا ہے۔