کراچی : سی ویو کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کلیئر قرار دیدیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں کلفٹن کے علاقے سی ویو پر سڑک کی درمیانی گرین بیلٹ میں نا معلوم شخص کھڈہ کھود کر مشتبہ پیکٹ دبا کر چلا گیا، جس کے بعد سی ویو کو عوام سے خالی کروا کر بم ڈسپوزل اسکواڈ طلب کر لیا گیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو کلیئر قرار دے دیا۔ پولیس کے مطابق کلفٹن سی ویو پر سڑک کی درمیانی گرین بیلٹ میں نا معلوم شخص کھڈہ کھود کر مشتبہ پیکٹ کو دبا کر چلا گیا، جس کی اطلاع سی ویو کے قریب میں واقع فلیٹ میں مقیم ایک خاتون نے پولیس کو دی ،جس کے بعد پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کوطلب کر لیا اور سی ویو کو عوام سے خالی کرا لیا گیا۔

اس دوران سی ویو آنے اور جانے والی سڑک کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا، جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مو قع پر پہنچ کر سی ویو پر زمین کے اندر دبایا گیا مشتبہ پیکٹ برآمد کر لیا، تلاشی کے دوران پیکٹ سے گاڑی کا سائڈ مرر برآمد ہوا، جس کو چیک کر نے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو کلیئر قرار دے دیا اور سی ویو آنے اور جانے والی سڑک کو عوام کے استعمال کے لیے کھول دیا۔

اس موقع پر ایس پی کلفٹن سرفراز نواز نے ذرائع سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ سی ویو پر خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جانب سے پولیس کو بروقت اطلاع کر نے کو سراہتے ہیں۔