کراچی (جیوڈیسک) وزیر بلدیات نے کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظرشہر میں ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا ہے۔ مغرب سے بارش برسانے والی ہواؤں کا نیا سلسلہ رات گئے سندھ میں داخل ہونے کے بعد شہر قائد میں خوب گرجا، چمکا اور جم کر برسا۔ بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا۔
صدر، ناظم آباد، رضویہ کالونی، شارع فیصل، ائیر پورٹ سمیت مختلف علاقوں میں رات گئے تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر کے پوش علاقوں میں بارش رحمت اور نشیبی علاقوں میں زحمت بنی۔ سڑک کے بیشتر حصوں میں برساتی پانی جمع ہو گیا جس سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس فیصل پر 3 ملی میٹر ،گلستان جوہر، ائیرپورٹ اور پی اے ایف بیس مسررو میں2 ملی میٹر لانڈھی میں ایک ملی میٹر جبکہ صدر میں برائے نام بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے بعد وزیر بلدیات سندھ شرجیل میمن نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سڑکوں سے پانی کی نکاسی کے کام کا جائزہ لیا۔
شرجیل میمن نے شہری انتظامیہ کو ہدایت کی تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کے انتظامات کئے جائیں۔ شہر بھر میں اس وقت بھی گھنگھور گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں جبکہ بعض علاقوں میں رم جھم اور بوندا باندی کا سلسہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔
دوسری طرف بارش کے بعد معطل ہونے والی بجلی بحال کر دی گئی ہے، حیدر آباد ڈویژن میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔