کراچی (جیوڈیسک) رمضان میں عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مزید مشکل ہوگیا، کراچی میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے چیئرمین فلار ملرز ایسوسی ایشن چوہدری انصر جاوید کے مطابق کراچی میں گندم کی 100 کلو بوری 150 روپے مہنگی ہوکر 3 ہزار 550 روپے کی ہوگئی ہے۔
گندم کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آٹا بھی مہنگا ہوگیا ہے۔ ڈھائی نمبر اور فائن آٹے کی قیمت 2 روپے اضافے کے ساتھ بلترتیب 41 اور 42 روپے کلو ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ چکی کا آٹا 1 روپے مہنگا ہوکر 45 روپے کلو ہوگیا ہے۔
چوہدری انصر جاوید کے مطابق ملک میں اس سال گندم کی فصل توقعات سے کم ہوئی ہے جس کے باعث روس سے ڈھائی لاکھ ٹن گندم کی درآمد کے آرڈرز دیئے گئے ہیں جو جولائی کے آخر میں پاکستان پہنچنا شروع ہوجائے گی۔