کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی نے گرمی کے ستائے شہریوں کی سانسیں بحال کردیں ہیں۔
کراچی میں جاری گزشتہ تین روز سے جاری شدید گرمی کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ جن علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ان میں فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا اور واٹر پمپ کے علاقے شامل ہیں۔ گرمی سے ستائے نوجوان تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی سے لطف اندوز ہونے کے لئے گھروں سے باہر نکل آئے اور اللہ کا شکر ادا کرنے لگے۔
دوسری جانب ڈائیریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظر کے ایم سی کے متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں۔
واضح ر ہے کہ شہر قائد میں جاری شدید گرمی کی لہرسے جاں بحق افراد کی تعداد 249 ہوگئی جب کہ دوسری جانب بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے بعد شہر کے مختلف سردخانوں میں میتوں کیلئے جگہ کم پڑ گئی ہے۔