کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں اہلسنت والجماعت کے دو مقامی ذمہ داران کو مہمان سے جھگڑے کے تنازع پر قتل کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ایس ایچ او کو معطل کر کے عہدے میں تنزلی کر دی گئی ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ کے مطابق پی آئی بی کالونی میں عسکری پارک کے قریب ایک گھر میں آئے مہمان سے کسی نے بدتمیزی کی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس پر دو گروپوں میں جھگڑا ہو گیا جسے حل کرنے کے لیے انہیں تھانے بھی بلایا گیا۔ تاہم پولیس صلح کرانے میں ناکام رہی۔ بعد میں مہمان پر تشدد کرنے والے گروپ نے تصفیے کی کوشش میں پیش پیش قاری عبدالرحیم اور نور زمان کو گلی میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
ترجمان اہلسنت والجماعت کے مطابق دونوں مقتولین اہلسنت والجماعت کے مقامی ذمہ دار تھے۔ واقعے کے بعد صبح سویرے مشتعل افراد یونیورسٹی روڈ پر پرانی سبزی منڈی کے قریب جمع ہو گئے اور احتجاج کیا۔ مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کر کے سڑک بلاک کردی جس سے ٹریفک معطل ہو گئی۔