کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی مقامی عدالت نے کم عمر کی شادی کے الزام میں گرفتار جوڑے کی رہائی کا حکم دیدیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ کم عمر کی شادی پر پابندی سے متعلق کوئی قانون موجود نہیں، لڑکی کا طبی معائنہ کروایا جائے، اگر بالغ ہو تو شوہر بصورت دیگر ماں کیساتھ بھیج دیاجائے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پولیس نے نیلم کالونی سے گرفتار جوڑے امتیاز اور اریبہ کو پیش کیا۔ ملزمان کو کم عمری کی شادی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے پولیس سے کم عمری کی شادی سے متعلق قانون طلب کیا جو پیش نہیں کیاجا سکا۔عدالت کے روبرو لڑکی نے بیان حلفی دیا کہ اسکے والدین نے اسکی مرضی اور پسند سے شادی کی، جبکہ چچا نے کم عمری کی شادی کا الزام عائد کرکے گرفتار کروادیا۔
عدالت نے ملزم امتیاز کی 20 ہزار روپے کے ذاتی مچلکہ جمع کرانے پر رہائی کا حکم دیدیا جبکہ لڑکی کا طبی معائنہ کروانے اور بالغ ہونے کی صورت میں شوہر کیساتھ جانے کی اجازت دے دی۔