کراچی (جیوڈیسک) بیلجیم سے دو سال قبل درآمد کیا گیا بنگال ٹائیگر کراچی کے چڑیا گھر میں ہفتے کے روز بیماری کے باعث مرگیا۔ چڑیا گھر کے ڈائریکٹر فہیم خان کے مطابق چھ سالہ ٹائیگر کا انتقال میدے کی بیماری کے باعث ہوا۔
ذرائع کے مطابق یہ ٹائیگر کئی ماہ سے ایک جان لیوا بیماری میں مبتلا تھا۔ بیماری کی وجہ سے اطلاعات کے مطابق بنگال ٹائیگر نے کھانا پینا بھی چھوڑ دیا تھا جبکہ اسے چلنے پھرنے میں بھی دقت کا سامنا تھا۔
فہیم کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر کی انتظامیہ کی معاملے میں غفلت نہیں پائی گئی۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے ٹائیگر کے علاج کے لیے متعدد ماہرین کو طلب کیا تاہم اس کی حالت میں بہتری نہیں آسکی۔ 2012ء میں تقریباً 70 لاکھ روپے میں اس بنگال ٹائیگر کو جوڑی دار کے ساتھ بیلجیم سے ایک مقامی ڈیلر کے ذریعے کراچی کے چڑیا گھر لایا گیا تھا۔