کراچی (اسٹاف رپورٹ) کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ نے کراچی چڑیا گھر کی بہتری اور عوام کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کا آغاز کر دیا۔ کراچی چڑیا گھر کی تعمیر و ترقی ،تزئن و آرائش اور کراچی چڑیا گھر کو جدید بنا نے کے لئے رپورٹ تیار کرکے 20کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر کی بہتری کے لئے بنائی گئی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کی صدارت میں کمشنر ہائوس میں منعقد ہوا جس میں کراچی چڑیا گھر کی بہتری شیروں سمیت تمام جانوروں اور پرندوں کے پنجروں کی بین الاقوامی سطح پر از سر نو تعمیر اور بیوٹیفکشن کے کاموں کے لئے مکمل رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کردی کراچی چڑیا گھر کی تعمیر و ترقی اور تزئن و آرائش کے حوالے سے وزیر اعلیٰ ہائوس میں وزیر اعلیٰ سندھ کو مکمل بریفنگ دی جائیگی اور 20کروڑ کی لاگت سے کراچی چڑیا گھر کی بہتری کے لئے جلد کاموں کا آغاز ہوگا جس سے سالانہ 70لاکھ سے زائد افراد جو کہ چڑیا گھر میں آتے ہیں ان کو مزید سہولتوں اور تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنا یا جائے گا۔