کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں رٹائرڈ فوجی اور ایم کیو ایم کے کارکن سمیت 7 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 13میں واقع عظیم ملت ہائی اسکول کے سامنے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے27 سالہ طاہر حیات عرف باگا ولد محمد فیاض اور28 سالہ یاسر ولد فصیح محمد زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کیلیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں دونوں افراد دوران علاج وقفے وقفے سے ہلاک ہوگئے۔
علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مقتول طاہر متحدہ قومی موومنٹ یونٹ 124کا کارکن تھا، ایس ایچ او پاکستان بازار رانا مقصود نے بتایا کہ مقتول طاہر غازی گوٹھ منگھو پیر جبکہ یاسر اورنگی ٹاؤن نمبر9 بلوچ کالونی کا رہائشی تھا۔
انھوں نے بتایا کہ مقتولین بھتہ خور تھے، اورنگی ٹاؤن نمبر13پر چنگچی رکشوں کا اڈا ہے جہاں روزانہ 450 سے 500 چنگچی رکشے آتے ہیں اور مقتولین فی رکشا 100 روپے بھتہ وصول کرتے تھے، مقتولین کو 2 موٹر سائیکلوں پر سوار4 ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا ہے، پولیس نے جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 16خول حاصل کر کے فارنسک ٹیسٹ کیلیے محفوظ کر لیے، سائٹ اے کے علاقے میٹروول ضیا موڑ روٹ نمبر D/1 بس اسٹاپ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے59 سالہ حبیب خان ولد خان حمید ہلاک ہوگیا، مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔
پولیس کے مطابق عابد آباد الفتح گراؤنڈ کے قریب کا رہائشی اور رٹائرڈ فوجی جوان تھا، مقتول فوج سے رٹائرمنٹ کے بعد سے ایگزیکٹو سیکیورٹی کمپنی میں بطور سپروائزر کام کر رہا تھا ، مقتول کے 4 بیٹے ہیں جس میں سے 3 بیٹے بھی مذکورہ سیکیورٹی کمپنی میں بطور سیکیورٹی گارڈ ملازمت کر رہے ہیں، جمعرات کی صبح پونے 8 بجے حبیب خان ڈیوٹی پر جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا اور تقریباً ایک کلو میٹر کے فاصلے پر گھات لگائے کھڑے ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔