کراچی (جیوڈیسک) شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں مجالس کا انعقاد کیا گیا اور جلوس نکالے گئے۔ 7 محرم الحرام پر ملک بھر میں ذوالجناح اور ماتمی جلوس نکالے گئے۔ مجالس میں علما اور ذاکرین نے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالی، حیدرآباد میں مغرب کے بعد 8 محرم کا مرکزی قدیم جلوس ٹنڈو آغا سے برآمد ہوا۔ شہر کے مختلف مقامات پرسات محرم الحرام کے چھوٹے بڑے ایک سو بیس جلوس بھی برآمد ہوئے۔ شہر کے 86 مقامات پر مجالس عزاء کا سلسلہ جاری ہے۔۔ میرپور خاص میں عَلم و ماتمی جلوس کے علاوہ حضرت قاسم کی مہندی کے جلوس نکالے گئے۔
سندھ کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی ماتمی جلوس نکالے گئے۔ بہاول پور میں 29 جلوس اور 59 مجالس منعقد کی گئیں، شہر میں 139 واں قدیم مہندی کا جلوس آستانہ سید روشن علی شاہ سے بر آمد ہوا۔ ملتان میں 7 محرم کا مرکزی جلوس گلگشت سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے گزرتا امام بارگاہ حیدر پہنچ کر ختم ہوا۔
جھنگ میں امام بار گاہ مہاجرین سے برآمد ہونے والا ذوالجناح کا قدیمی جلوس شام کوامام بارگاہ قدیم پر پہنچ کراختتام پذیر ہوگیا۔ پنجاب کے دیگر چھوٹے بڑوں شہروں میں بھی جلوس نکالے گئے اور 7 محرم الحرام پر امام بارگاہوں میں مجالس منعقد کی گئیں۔ جن میں علمائے کرام اور ذاکرین فلسفہ شہادت امام حسین بیان کرتے رہے کرم ایجنسی کی تین سو پچاس مختلف امام بارگاہوں میں واقعہ کربلا کی یاد میں ماتمی مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔