واقعہ کربلا ہمیں امن، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے، محمد جمیل

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد : پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا ہمیں امن، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے، ہم اسوہ حسینی پر عمل پیرا ہوکر موجودہ مشکلات اور مسائل سے نجات حاصل کرسکتے ہیں،یوم عاشور کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا معرکہ کربلا دراصل حق وباطل کی جنگ تھی جس میں باطل قوتوں کو شکست فاش ہوئی۔

نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور انکے مٹھی بھر جانثار ساتھیوں نے میدان کربلا میں جرات اوربہادری کی جولازوال داستان رقم کی اسے ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،شہدائے کربلا کی عظیم قربانی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا حق وباطل کے مابین جنگ آج بھی جاری ہے اور باطل قوتوں کو شکست وریخت سے دوچار کرنے کیلئے امت مسلمہ کا اتحاد اوریکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، انہوں نے کہا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور انکے جانثاروں نے کربلا کی زمین پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے حق وصداقت کا جو پرچم بلند کیا وہ قیامت تک سرنگوں نہیں ہو گا۔