ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی وڈ کی ’بیبو‘ اداکارہ کرینہ کپور کو ممبئی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
اداکارہ کرینہ کپور کو اپنے شوہر اداکار سیف علی خان اور دو بیٹوں کے ہمراہ ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا ہے۔ سیف علی خان پاسپورٹ اور ٹکٹ دکھا کر بیٹے تیمور علی خان کے ہمراہ ایئرپورٹ میں داخل ہوگئے جبکہ اداکارہ کرینہ کپور کو سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے اہلکاروں نے کچھ دیر کے لیے روک لیا۔
یہ خبر پڑھیں: سلمان خان کو تلاشی کے لیے ایئرپورٹ پر روک لیا گیا سیف علی خان تیمور علی خان کے ہمراہ آگے چلے گئے اور جب پلٹ کر دیکھا تو سیکیورٹی اہلکاروں نے کرینہ کپور کو روک رکھا تھا۔ اہلکاروں نے اداکارہ کے پاسپورٹ اور ٹکٹ کا جائزہ لینے کے بعد انہیں اپنے چھوٹے بیٹے جہانگیر علی خان کے ہمراہ ایئرپورٹ میں داخلے کی اجازت دی۔
کرینہ کپور کو ایئرپورٹ پر روکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان بچوں کے ہمراہ کس شہر یا ملک جا رہے تھے۔
اس سے قبل معروف اداکار سلمان خان کترینہ کیف کے ہمراہ ٹائیگر فرنچائز کی تیسری فلم کی شوٹنگ کے لیے روس جانے کی غرض سے ممبئی ایئرپورٹ پہنچے تھے جہاں مداحوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے انہیں گھیر لیاتھا۔ ہجوم اور لوگوں کی زیادہ تعداد کے سبب ایئرپورٹ پر سی آئی ایس ایف کے افسر نے انہیں سکیورٹی چیک کے لیے ایئرپورٹ پر روک لیا تھا۔