ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں اکثر اداکاروں کی کوشش ہے کہ وہ کسی مشہور شخصیت کی زندگی پربنائی جانے والی فلم میں کام کریں اور حال ہی میں پریانکا چوپڑا بھارتی خاتون باکسر میری کوم اور فرحان اختر بھارتی اتھلیت میکا سنگھ پر بنائی جانے والی فلموں میں کام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں مگر اداکارہ کرینہ کپور خان نے ایک بائیوپک میں کام کرنے کی پیشکش ٹھکرادی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرینہ کپور کو گزشتہ دنوں بھارتی کی پہلی خاتون آئی پی ایس افسر کرن بیدی کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں کرن بیدی کا کردار نبھانے کی پیشکش کی گئی مگر انھوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔
اس سلسلہ میں کرینہ نے کرن بیدی پر بنائی جانے والی فلم میں کام کرنے سے انکار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں جب فلم کی پیشکش کی گئی تو انھوں نے فوراً ہی اس میں کام کرنے سے انکار کردیا اس کی وجہ انھوں نے یہ بتائی کہ وہ خود کو کسی کی سوانح عمر ی پر بنائی جانے والی فلم کا حصہ نہیں بنانا چاہتیں کیونکہ وہ ایسے کردار نہیں نبھا سکتیں۔
کرینہ کپور خان جو ان دنوں ابھیشک چوبے کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ اور آر بالکی کی فلم ’’کی اینڈ کا ‘‘ میں کام کر رہی ہیں کا مزید کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں میرا پہلے سے ایک مقام اور نام ہے اور مجھے خود کو مزید بلند کرنے کے لیے ایسی کسی فلم کی ضرورت نہیں جس میں خود کو دوسرے کی زندگی میں ڈھال لوں۔
اداکاراؤں کو ہیروز کی نسبت کم معاوضہ ملنے کے سوال پر کرینہ کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں خواتین کے ساتھ معاوضے کے معاملے میں اچھا سلوک نہیں کیا جاتا اور انھیں مردوں کی نسبت کم معاوضہ دیا جاتا ہے اور مجھے بھی اکثر فلموں میں اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے مگر جس طرح سے خواتین پر مبنی فلمیں بنانے کا سلسلہ شروع ہوا ہے سے محسوس ہوتا ہے کہ جلد ہی خواتین اور مردوں میں قائم یہ امتیاز ختم ہو جائے گا۔