کرک (جیوڈیسک) مقامی علماء اور عمائدین نے خواتین کے اکیلے گھر سے نکلنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ اور سماجی بائیکاٹ کی سزاؤں کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ منگل کو گرگری اصلاحی تنظیم کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔تنظیم کے سابق صدر نصراللہ خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں مقامی علماء اور کمیٹی کے ارکان شامل تھے۔
شرکاء نے نوجوان نسل میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں منشیات پر مکمل پابندی ہونی چاہیئے۔ اس موقع پر دو منشیات فروشوں نے آئندہ اس غیر قانونی اور غیر اخلاقی کاروبار کو چھوڑنے کا تہیہ کیا۔ شرکاء نے منشیات سے پاک سوسائٹی کے لیے کمیٹی کی کوششوں کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ علاقے میں چوری کی صورت میں کمیٹی مجرموں کے لیئے سخت سزائیں اور جرمانے تجویز کرے گی۔ یہ بھی طے پایا کہ متاثرہ خاندان کا نقصان چوروں کے رشتہ دار بھریں گے۔ شرکاء نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے تعاون کریں۔