گردوارہ بابا گورونانک کرتارپور عام شہریوں کیلئے کھول دیا گیا

Gurdwara Baba Gurunanak Kartarpur

Gurdwara Baba Gurunanak Kartarpur

نارووال (اصل میڈیا ڈیسک) گردوارہ بابا گورونانک کرتارپور عام شہریوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ دیکھنے کیلئے آنے والوں سے 200 روپے فیس وصول کی جائے گی۔

سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کے گردوارہ کی توسیع اور پاکستان بھارت کرتارپور راہداری منصوبہ کی تکمیل کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نو نومبر کو باقاعدہ راہداری کا افتتاح کر دیا تھا۔

بابا گورونانک کے 550 جنم دن پر دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے یہاں پر حاضری دی اور مذہبی رسومات ادا کیں۔ ان کے جنم دن کی تقریبات ختم ہونے کے بعد پاکستان گورنمنٹ نے کرتارپور عام شہریوں کیلئے بھی کھول دیا ہے۔

کرتارپور دیکھنے کیلئے ملک بھر سے دس ہزار سے زائد افراد جن میں خواتین بچے بوڑھے اور جوان شامل تھے کرتارپور پہنچے۔ کرتارپور دیکھنے کیلئے قومی شناختی کارڈ پر شہریوں کو دو سو روپے فیس کی ادائیگی کے بعد کرتارپور انٹری کیلئے ٹکٹ جاری کیا جاتا ہے۔

کرتارپور میں انٹری ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے مردوں اور خواتین کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ بغیر شناختی کارڈ کے کرتارپور میں داخلہ ناممکن تھا۔ ٹکٹ کے حصول کے بعد کرتارپور جانے کیلئے پارکنگ سے پیدل یا پھر گاڑیوں میں بیٹھ کر جانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

کرتارپور دیکھنے کیلئے سینکڑوں فیملیز اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت دیگر شہروں آئیں۔ لاہور سے درجنوں نوجوان ہیوی موٹر سائیکل پر کرتارپور دیکھنے کیلئے آئے ہوئے تھے۔

شہریوں نے کرتارپور کا میگا پروجیکٹ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ کرتارپور میں سکیورٹی فورسز کے سخت انتظامات تھے، بغیر چیکنگ اور اضافی سامان لیجانے پر پابندی تھی۔