کرزئی بھارت سے مزید فوجی امداد طلب کریں گے

Karzai

Karzai

نئی دہلی(جیوڈیسک)افغان صدرکا دورہ بھا رت، حامد کرزئی کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا، کرزئی بھارت سے مزید فوجی امداد طلب کریں گے۔افغانستان کے صدر حامد کرزئی آئندہ برس بیرونی افواج کے انخلا کے بعد کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بھارت سے فوجی امداد کے لیے دہلی کے دورے پر ہیں۔ بر طانو ی نشریاتی ادارے کے مطابق حامد کرزئی پیر کی شام کو دہلی پہنچے۔

حامد کرزئی کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان اپنی فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کی مضبوطی کے لیے بھارت سے ہر طرح کی مدد کی درخواست کرے گا۔ افغان صدر کے ترجمان ایمل فیضی کے مطابق کرزئی ان مذاکرات میں افغانستان کے فوجی اور سلامتی اداروں کو مستحکم کرنے کے لیے بھارت سے ہر قسم کی مدد مانگیں گے۔

دوسری جانب کرزئی نے شمالی پنجاب کی یونیورسٹی سے اعزازی ڈگری وصول کی۔ اس موقع پر اپنی تقریر میں کرزئی نے کہا کہ وہ 2001 میں طالبان حکومت کے خاتمے اور اپنے برسرِ اقتدار آنے کے بعد سے بھارت سے ملنے والی تائید و حمایت کے لیے نئی دہلی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

بھارت میں تجزیہ کار کہتے ہیں کہ افغانستان اور بھارت کے درمیان اس طرح کے فوجی تعاون کو پاکستان میں شک کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ گزشتہ برس بھارت نے افغانستان کے ساتھ کان کنی اور ترقیاتی منصوبوں کے معاہدے کیے تھے اور اسے دو ارب ڈالر کی امداد دینے کا وعدہ کیا تھا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ آئندہ برس امریکہ اور اس کے اتحادی نیٹو افواج کے انخلا کے پس منظر میں دونوں ملک رشتے مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔