کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی راک میوزک بینڈ’ مزمار‘کے خالق اور اہم رکن کاشان آدمانی اب ’ کوک اسٹوڈیو‘ سیزن نائن میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور انداز میں مظاہرہ کریں گے۔
کاشان نے بتایا کہ میں مجموعی طور پر اب تک ’ کوک اسٹوڈیوز‘ میں پیش کئے گئے پندرہ گانوں میں گٹاربجا چکا ہوں۔ اس شو میں شامل ہونا میرے لئے زبردست تجربہ ثابت ہوا۔
میں ’’اسٹرنگز ‘کے ساتھ بھی مختلف مواقعوں پر کام کرچکا ہوں لیکن نئے شو میں کام کا تجربہ پچھلے تمام تجربوں سے بالکل مختلف اور نیا لگا۔ مختلف میوزیشنزکے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آیا۔‘‘
میوزک کی دنیا کے لئے کا شان کا نام نیا نہیں۔سن دوہزار میں کاشان نے اپنا میوزک بینڈ ’مزمار‘ بنایا تھا۔وہ میوزک پروڈیوز کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹرنگز سمیت متعدد مشہور و معروف میوزک بینڈز اور آرٹسٹوں مثلاً ہارون اورنجم شیزارکے ساتھ انتہائی مہارت سے گٹار بجا کر اپنا لوہا منوا چکے ہیں۔
کاشان کے اپنے ریکارڈنگ اسٹوڈیو اورپروڈکشن کمپنی ’ڈریم اسٹیشن پروڈکشنز‘ نے جو انہوں نے دو ہزار پانچ میں قائم کی تھی ،بھارت کے ’یونیورسل میوزک‘ کے ساتھ بھی کام کیا اورمتعدد پاکستانی سنگرز کے البم دنیا بھرمیں ریلیز کئے۔
’مزمار‘ کا البم ’ستارہ‘ دو ہزار سات میں ریلیز کیا گیا جسے ہالی وڈ کی فلم ’ڈریگن وار‘ میں اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (اوایس ٹی) کے طور پر شامل کیا گیا۔