لاہور (جیوڈیسک) اداکار کاشف محمود نے آشیانہ ویلفیئر ٹرسٹ کر زیر اہتمام گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت علاج و معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے ۔ تفصیلات کے مطابق اداکار کاشف محمود نے گردوں کے ڈائلسز میں مبتلا بچوں کی جان بچانے کے لیے فری ڈائلسز کی سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس ضمن میں آشیانہ ویلفیئر ٹرسٹ ایک نجی اسپتال کے تعاون سے گردوں کے امراض میں مبتلا غریب بچوں کو مفت ڈائلسز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ سال رواں کے دوران ہی گردوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کا مفت علاج و معالجہ شروع کر دیا جائے گا۔
اس حوالے سے اداکار کاشف محمود نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے سے دل کو سکون ملتا ہے ۔ پہلے بھی دکھی اور ضرورت مند انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے آشیانہ ویلفیئر ٹرسٹ پیش پیش رہا ہے اور اب غریب مریضوں جو خصوصا ڈائلسز کے مراحل سے گزر رہے ہیں جن کے پاس ڈائلسز کروانے کے لیے پیسے نہیں ہوتے ان کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے اور خدا کے فضل سے جلد مریضوں کا علاج بھی شروع کر دیا جائے گا ۔انھوں نے کہا کہ ایک نجی اسپتال کی انتظامیہ نے اس نیک عمل میں جو سہولتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے میں ان کا بے حد شکرگزار ہوں ۔