انٹرنیشنل لائرز فورم کے چیئرمین ناصر احمد ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر چین کا موقف پاکستانی عوام کی بھرپور ترجمانی کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں وزیر اعظم نواز شریف کے جرات مندانہ خطاب کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
ناصر احمد ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں مسئلہ کشمیر پر چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ کا واضح اور دو ٹوک موقف عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی اور اخلاقی فتح ہے۔ وزیر اعظم لی کی چیانگ کا موقف پاکستان چین دوستی میں ایک نئے سنگ میل کا اضافہ ہے۔ شاہراہ قراقرم کی تعمیر سے پاک چائنا کوری ڈور تک کے سینکڑوں منصوبوں کی تکمیل کے دورا ن چینی ماہرین نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے پاکستان کی ترقی میں لازوال کردار ادا کیا جس پر پاکستانی عوام چین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ناصر احمد ایڈوکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ ایسٹ تیمور کے مسئلہ پر تو ریفرنڈم کروا سکتا ہے مگر مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی جانب سے فوری و ہنگامی عملی اقدام ہی کشمیر میں قیمتی جانوں کے ضیاں کو روک سکتا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں نوجوانوں کے لئے ضلعی سطح پر فوجی تربیت لازمی قرار دی جائے تاکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط قائم ہو سکے اور دوران تربیت نوجوانوں کو معقول و ظیفہ بھی دیا جائے تاکہ نوجوان نسل اور پاک فوج میں مزید قربت اور ہم آہنگی قائم ہو سکے اور لازمی فوجی تربیت کے بعد ہی نوجوانوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کئے جائیں۔