سرینگر (اصل میڈیا ڈیسک) مقبوضہ وادی میں بھارتی لاک ڈاؤن 47 ویں روز میں داخل ہو گیا، 5 اگست سے گھروں میں بند کشمیریوں کی زندگی بدتر ہو گئی، کشمیری خواتین بھی آزادی کی جدوجہد میں مردوں کے شانہ بشانہ ہیں۔
وادی میں تعینات بھارتی فوج نے خوف کا ماحول بنا دیا، کشمیری اپنے گھروں میں قید ہوگئے، لوگ روزمرہ کی ضروری اشیاء خریدنے سے قاصر ہیں، دودھ، بچوں کی خوراک، ادویات سب ختم ہوچکا ہے۔
وادی میں مارکیٹ، دکانیں، بزنس اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔ مسلسل کرفیو کی وجہ سے سیب کی پکی فصلیں خراب ہونے لگیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فصلیں مارکیٹوں تک پہنچانے میں ناکام ہیں۔
وادی میں تمام مساجد کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، اب تک ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔