لاہور(خصوصی رپورٹ) کشمیر سنٹر لاہور کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں آج صبح 10 بجے پنجاب اسمبلی کے بالمقابل شاہراہ قائداعظم پر کیمپ لگایا جائے گا جس سے مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنماخطاب کرینگے جبکہ کارکنوں اورعام شہریوں کی بڑی تعداد بھی کیمپ میں شرکت کریگی۔ اس موقع پر تحریک آزادیٔ کشمیر کے حوالے سے لٹریچر کا سٹال بھی لگایا جائے گا۔ انچارج کشمیر سنٹر لاہور انعام الحسن کاشمیری نے کیمپ کے انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر ہرسال نہایت جوش وجذبے کے ساتھ مناتے ہوئے اس عزم کا بھرپور اعادہ کیا جاتا ہے
پاکستانی عوام اورپاکستان میں بسنے والے کشمیری مقبوضہ کشمیر کے مظلوم ومجبورکشمیری بھائیوں کی جدوجہدآزادی کی بھرپوراخلاقی سفارتی وسیاسی حمایت ہرصورت میں جاری رکھیں گئے۔ انہوں نے کہاکہ عوام بڑی تعدادمیں اپنے گھروں سے نکل کی یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں منعقد ہونے والے پروگراموں میں شرکت کریں تاکہ کشمیریوں کے حوصلے مزیدبلند ہوں اوربھارت کو بھی یہ باور ہوسکے کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے پشتیبان ہیں۔وہ اپنے بھائیوں کو کسی بھی حال میں تنہانہیں چھوڑینگے اس لیے کہ کشمیری صرف آزادی ہی نہیں تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔