کراچی (اسپورٹس رپورٹر) 5 فروری کشمیر ڈے کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے محکمہ کھیل نے مختلف کھیلوں کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ڈائریکٹر اسپورٹس احمد علی قریشی کی ہدایت کے مطابق جن پروگرام کو حتمی شکل دی گئی ہے اس کا شیڈول سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی نے جاری کر دیا ہے
پروگرام کے مطابق صبح11 بجے سے سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس ناظم آباد میں ٹیبل ٹینس’ بیڈمنٹن ‘کراٹے’ جوڈو’ تائی کوانڈو’ اسکواش’ جمناسٹک’ آرم ریسلنگ و دیگر کھیلوں کے مقابلے ہونگے اور تقریب تقسیم انعامات شام7بجے ہوگی جس کے مہمان خصوصی سیکریٹری اسپورٹس محمد راشد ہونگے’ باکسنگ کے مقابلوں کے لئے لیاری اور ملیر کا انتخاب کیا گیا ہے
لیاری میں باکسنگ کے فاتح کھلاڑیوں میں ڈائریکٹر اسپورٹس احمد علی قریشی انعامات تقسیم کرینگے جبکہ ملیر میں سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی مہمان خصوصی ہونگے جبکہ فٹبال فیسٹیول میچ پیپلز اسٹیڈیم لیاری میں4 بجے کھیلا جائے گا جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ کے پارلیمانی سیکریٹری برائے کھیل ڈاکٹر سکندر شورو ہونگے سندھ کے دیگر اضلاع میں علاقائی ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ان کھیلوں کو آرگنائز کرینگے۔