اسلام آباد (جیوڈیسک) ایوان بالا میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر حال ہی میں ہونے والے واقعات پر پالیسی بیان دیتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت کشمیر کو تقسیم کرکے انڈین یونین کا حصہ بنانا چاہتی ہے۔
بھارت کے اس عمل سے کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی برادری تک لے کر جا رہے ہیں۔
وہاں آنے والے سیلاب کے موقع پر بھارت کی بےحسی پوری دنیا کے سامنے ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ ورکنگ باؤنڈری پر اس بار ایل او سی سے زیادہ خلاف ورزیاں ہوئی ہیں۔ ہمیں کشمیر پر اپنی پالیسی کو مؤثر بنانے کیلئے غور کرنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ کو اپنا کام آزادانہ طریقے سے کرنے دیا جائے۔ وہ یہ فیصلہ کرے گا کہ فائرنگ کا آغاز کس نے کیا۔