کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت آزادی کی تحریک کو طاقت سے نہیں دباسکتا، کشمیریوں کو پاکستان زندباد کا نعرہ لگانے کی سزا دی جارہی ہے ، مسئلہ کشمیر وفلسطین کے حوالے سے عالمی طاقتیں مسلمانوں کے ساتھ مخلص نہیں مسلم حکمرانوں کو باہم اتحاد کے ذریعے حل تلاش کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی جرات واستقامت کو سلام پیش کرتے ہیں جزبہ حریت سے دستبردار کرانے کیلئے بھارت نے روز اول سے طاقت کا استعمال کیاہے اور آج بھی کشمیر کی درو دیوار لہو لہو ہے اس کے باوجود کشمیری آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہیں بلکہ اس میں مزید تیزی آرہی ہے ، انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو ان کا حق ارادیت دینا چاہیے اس حوالے سے عالمی برادری کو رول ادا کرنا چاہیے، انہوں نے کہاکہ عالمی طاقتیں کشمیر میں ظلم وبربریت کی مثال قائم کرنے والے بھارت کی حوصلہ افزائی کررہی ہیں ،عالمی برادری کی کشمیر میں بھارتی ظلم وبربریت پر خاموشی افسوسناک ہے۔