گیارواں کشمیر ای یو ویک یورپی پارلیمنٹ برسلز میں شروع ہو گیا ہے

Kashmir EU Week

Kashmir EU Week

برسلز (پ۔ر) یورپی پارلیمنٹ برسلز میں کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے زیراہتمام گیارویں ’کشمیر ای یو ۔ویک‘‘ کے حوالے سے تقریبات شروع ہو گئی ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان جو اس ہفت روزہ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کر رہے ہیں، نے کشمیر ای یو کے ابتدائی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو مسئلہ کشمیر پر توجہ دینا ہو گی۔

کشمیرای یو ویک جس کو ’’تقسیم ہند کا باقاعدہ ماندہ مسئلہ: پائیدار امن کی تلاش‘‘ کا عنوان دیا گیا ہے، میں اراکین پارلیمنٹ، دانشور، اسکالرز اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے شرکت کررہے ہیں۔

افتتاحی کانفرنس سے اراکین یورپی پارلیمنٹ واجد خان اور سجاد کریم، فرینچ بلج فوٹوگرافر سیدریک گربے ھائے، بلجیم میں پاکستان کی سفیر محترمہ نغمانہ عالمگیر ہاشمی، کشمیرگوبل کونسل کے چیئرمین فاروق صدیقی، مقبوضہ کشمیر سے انسانی حقوق کے نامور کارکن خرم پرویز، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید، یورپی یونین کے سابق سفیر انتھونی کرزنر اور برطانیہ سے کونسلر عتیق الرحمان نے بھی خطاب کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہاکہ مسئلہ کشمیر ایک توجہ طلب تنازعہ ہے اور عالمی برادری کو کشمیریوں کی آواز سننی چاہیے تاکہ کشمیریوں کے مصائب ختم ہوں اور مسئلے کا پائیدار حل تلاش کیا جاسکے۔

کشمیرای یو ویک کے انعقاد کے سلسلے میں کشمیرکونسل ای یو کو کشمیر فری آرگنائزیشن جرمنی، کشمیرانفو بلجیم، تھیٹرایکس جرمنی، کشمیرگوبل کونسل، ورلڈ کشمیر ڈٓائس پورہ الائنس اور دیگر تنظیموں کا تعاون حاصل ہے۔

تقریبات جن میں بین الاقوامی کانفرنس، متعدد سیمینارز، مباحثے، اور کشمیرپردستاویزی فلمیں اور عکاسی اور دست کاری کی اشیاء کی نمائش شامل ہوگی، گیارہ نومبر تک یورپی پارلیمنٹ برسلز میں منعقد ہوں گی جبکہ نمائش بارہ سے اٹھارہ نومبر تک یورپی پارلیمنٹ اسٹراسبرگ، فرانس میں جاری رہے گی۔

کشمیرای یو ۔ویک یا ’’یورپ میں ہفتہ کشمیر‘‘ کی تقریبات کے دوران مقبوضہ کشمیرکی تازہ ترین صورتحال پر رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی جن میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے بارے میں حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔

کشمیرای یو ویک کی تقریبات کا مقصد مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کو اجاگر کرنا اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنا ہے۔ کشمیری عوام نے گرانقدر قربانیاں دی ہیں اور وہ ہرگز اپنے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

پچھلے سالوں کی طرح اس بار بھی کشمیرای یو ۔ویک کی تقریبات میں مقبوضہ کشمیر اور آزادکشمیر کے علاوہ شمالی امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے دیگر ممالک سے بھی مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ یورپی پارلیمنٹ میں ان تقریبات کی میزبانی اراکین یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم اور واجد خان کریں گے۔

کشمیرکونسل ای یو کی طرف سے کشمیرای یو ۔ویک کی سالانہ تقریبات کا سلسلہ گذشتہ کئی سالوں سے جاری ہے۔اس کے علاوہ بھی کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام دیگر مواقع پر بھی مسئلہ کشمیرپر تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ کشمیرکونسل ای یو کی جانب سے وقتاًفوقتاً یورپ کے قانون ساز، تحقیقی اورعلمی اداروں میں اجلاسوں، کانفرنسوں ، مباحثوں اورسیمیناروں کا انعقاد کیاجاتاہے۔

مختلف یورپی ممالک میں کونسل کی طرف سے کشمیرپر ایک ملین دستخطی مہم بھی جاری ہے۔ ان پروگراموں اورتقریبات کی وجہ سے یورپ کی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قابل توجہ آگاہی پیدا ہو گئی ہے۔