لاہور (پریس ریلیز) صحافتی تنظیموں پاکستان فیڈریل یونین آف کالمسٹ (پی ایف یو سی) کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر کی اہمیت اجاگر کرنے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پنجابی کمپلیکس میں تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر قانون پنجاب رانا ثنا ء اللہ کے علاوہ سنیئر صحافیوں، سیاسی وفود، تاجروں، سماجی شخصیات اور طلبہ اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
نمائش کا افتتاح رانا ثناء اللہ نے کیا جبکہ سمیحہ راحیل قاضی ، ڈاکٹر سیمی بخاری ، ذکراللہ مجاہد ، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی ، سلمان غنی ، رانا عظیم ، سجاد میر ، سلمان عابد ، نذیر سندھو ، نجم ولی خان ، بلال قطب ، اداکار راشد محمود ، علی اعجاز ، ایس ایس پی عمر ورک ، تاجر راہنما نعیم میر ، خالد یعقوب ،نور الھدی، حافظ ذوہیب، شہزاد چوہدری ،ساجد خان، فرید رزاقی، حافظ امیر علی اعوان، فرخ شہباز وڑائچ اور دیگر افراد نے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پوری قوم کا کشمیر کی آزادی کے ساتھ سمجھوتہ ہے اور مذکورہ نمائش کا اہتمام بھی اسی نظریے کو اجاگر کرتا ہے کہ ہمیں ہر قیمت پر کشمیریوں کی جدوجہد کو آزادی سے ہمکنار کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومیں جنگ کے نتیجے میں برباد ہوا کرتی ہیں ، لہذا ضروری ہے کہ ٹیبل ٹاک کے ذریعے مسائل حل کیے جائیں۔
سمیحہ راحیل قاضی نے کشمیریوں سے جذباتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر کشمیری قوم اور شہداء کا قرض ہے جسے ادا کرنا ہم پر فرض ہے۔ سینئر صحافیوں مجیب الرحمن شامی ، سلمان عابد ، سجاد میر اور دیگر نے موجودہ نسل کو یوم یکجہتی کشمیر کے پس منظر اور پیش منظر سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا آج کا دن منانے سے کشمیریوں کی جدوجہد کو حوصلہ ملتا ہے۔ لہذا کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی ، اخلاقی مدد کو جاری رکھنا اور ان کی پشت پر کھڑے ہونا پاکستان پر فرض ہے۔
اس موقع پر دورہ کرنے والی شخصیات نے صدر پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ فرخ شہباز وڑائچ کو تصویری نمائش کے اہتمام پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قلم کار حضرات بھارت کا جمہوری چہرہ بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں اور حقیقی آزادی کا تصور اجاگر کرتے ہوئے کشمیر کا مسئلہ حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں۔