مقبوضہ کشمیر میں سیلاب سے بے پناہ تباہی ہوئی بھارت کچھ نہیں کر رہا اقوام متحدہ ریلیف مشن بھیجے:علی گیلانی

 Ali Geelani

Ali Geelani

اسلام آباد (جیوڈیسک) جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر و کنوینئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا،بزرگ حریت رہنما نے انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا،سید علی گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر تاریخ کے بد ترین سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے 50لاکھ آبادی اور صوبہ جموں سے 10 لاکھ افراد متاثر ہوئے لوگ مکانوں کی چھتوں اور درختوں پر وقت گزار رہے ہیں۔

بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کو نکالنے اور ریلیف فراہم کرنے کا کوئی انتظام نہیں کیا جا رہا، جانوروں کی لاشیں باہر پڑی ہوئی ہیں، کشمیریوں کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا ،اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں ریلیف مشن شروع کرے اور حکومت پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں کشمیریوں کی مدد کرے ، اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی سیلاب سے متاثر ہوا ہے ہم حکومت پاکستان ،حکومت آزاد کشمیر تک آپ کا پیغام پہنچائیں گے اور کشمیری قیادت کو جمع کر کے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے۔

دریں اثناء مرکزی ایوان صحافت مظفرآبادمیں سرینگرسے ٹیلیفونک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے کہا کہ بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیری عوام کو ڈبوناچاہتاہے ، عالمی اداروں کو متاثرین تک براہ راست رسائی دی جائے، اگرسرینگرکے متاثرین سیلاب کی فوری مددنہ کی گئی تو بہت بڑانسانی المیہ جنم لے سکتاہے۔